لاہور؍ نارووال؍ شکرگڑھ (جنرل رپورٹر؍ خصوصی نمائندہ؍ نمائندہ خصوصی سے ؍ وقائع نگار خصوصی؍ نمائندہ 92 نیوز؍ تحصیل رپورٹر ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کرتار پور راہداری اور گوروارہ کرتا رپور صاحب کا دورہ کیا اور سکھ برادری میں گھل مل گئے ، یاتریوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ انہوں نے سر پر زرد رنگ کا رومال بھی باندھ رکھا تھا، اس موقع پر وزیر مذہبی امور نورالحق قادری بھی موجود تھے ۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کرتارپورایک امیدکی راہداری،بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مشعل راہ ہے ۔انتونیو گوترس نے ٹویٹ میں بھی کہا کرتارپور راہداری امید کی راہداری ہے ۔اونتونیوگوترس ڈی ایچ اے کنڈرگارٹن سکول بھی گئے اور بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے ، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد و دیگر بھی موجود تھے ۔انتونیوگوتریس نے کہا پاکستان ماضی کی نسبت اب زیادہ پرامن ملک ہے ۔یاسمین راشد نے کہاپاکستان کوپولیوسے پاک کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے لاہور کی نجی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر بھی ممالک میں مساوات نہیں ، افراد اور ممالک میں مساوات قائم کرنا آسان نہیں بلکہ طویل عمل ہے ، سکیورٹی کونسل کے صرف 5 ممالک کے پاس ویٹو پاور ہونا عالمی سطح پر عدم مساوات کی مثال ہے ،طاقت دی نہیں جاتی بلکہ طاقت لی جاتی ہے ،آزادی اظہاررائے ،خوراک، رہائش اورسیاسی حقوق بھی انسانی حقوق کا حصہ ہیں،انسانی حقوق کے تحفظ اور ترویج میں نوجوان نسل اہم کردارادا کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہا میں نے کشمیر کی بات بھی کی ،بنیادی انسانی حقوق کا ہرجگہ احترام ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا آج کے دورمیں سب سے بڑامسئلہ ماحولیاتی آلودگی ہے ، موسمیاتی تبدیلی کوسامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرنا ہوں گے ۔ انتونیو گوتریس نے کہا نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا،مستقبل کے چیلنجزکو سامنے رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کرناہو گی۔ انہوں نے اداروں کے درمیان ڈائیلاگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سوشل میڈیا کو مناسب طریقے سے ریگولیٹ کیا جانا چاہئے اور قوانین بنانے کے لئے ایک ملٹی سٹیک ہولڈرز اپروچ کی طرف جانے کی ضرورت ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بادشاہی مسجد لاہور کا بھی دورہ کیا۔ بادشاہی مسجد کے خطیب نے انہیں مسجد کے مختلف حصے دکھائے ۔سیکرٹری جنرل نے بادشاہی مسجد کی خوبصورتی اور مغل فن تعمیر کی تعریف کی۔انتونیو گوتریس بادشاہی مسجد کے دورے کے بعد روایتی رکشے میں بیٹھ کر شاہی قلعے گئے ۔ گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے اعزاز میں حضوری باغ شاہی قلعہ میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پنجاب ثقافتی حسن سے مالا مال سرزمین ہے ،لاہوریوں کی روایتی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دورہ لاہور کا تصویری البم پیش کیا۔