پشاور(92نیوز) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کے حقوق و تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے چاہیے کیونکہ افغان مہاجرین ہمارے بھائی ہیں جوکہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت پاکستان میں رہ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وطن کور پشاور میں افغان مہاجرین کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔آفتاب شیرپائوکہا کہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین جس بین الاقوامی معاہدے کے تحت یہاں پر رہ رہے ہیں اس معاہدے کے تحت ان کو وہ تمام مراعات اور سہولیات ملنے چاہیئے جن کے وہ حقد ار ہیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختون روایات کے مطابق افغان مہاجرین کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی ۔آفتاب شیرپاؤ نے واضح کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات پورے خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہیں اوراچھے تعلقات سے ہی امن اور تجارت کو فروغ ملے گا۔افغانستان میں امن کے قیام کیلئے جاری بات چیت میں تمام فریقین کی شرکت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام لانے کیلئے اس موقع کو گنوانانہیں چاہیئے کیونکہ خطہ گزشتہ 40سال سے جنگ و جدل اور بدامنی کا شکار ہے ۔