نیو یارک ، اسلام آباد ( بیورو رپورٹ ، 92 نیوز رپورٹ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ہندوستان اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لئے مثبت سمت میں آگے بڑھیں، انہوں نے کہا وہ اپنے گزشتہ برس کے اس بیان پر قائم ہیں جس میں کہا گیا تھا کہ اس تنازع پر عالمی ادارے کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر اور قابل اطلاق سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعہ حل تلاش کرنا ہے ، انہوں نے پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا ، میں اسی لمحے بالکل ویسا ہی بیان دوں گا کہ ہندوستان اور پاکستان مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لئے مثبت سمت میں آگے بڑھیں ، 8 اگست 2019 کے بیان میں انہوں نے 5 اگست کے بھارتی اقدام پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا امریکہ میں ورچوئل اجلاس جاری ہے جس سے وزیراعظم عمران خان 25 ستمبر کو خطاب کرینگے ، ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ نے خطاب کی ترتیب کے حوالے سے پاکستان کو آگاہ کردیا ، وزیراعظم عمران خان کا 25 ستمبر کو اسمبلی میں دوپہر کے سیشن میں تیسرا خطاب ہوگا، وزیراعظم عمران خان کا پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 45 منٹ پر خطاب شروع ہوگا، وزیراعظم کاخطا ب ریکارڈڈ ہوگا۔ اقوام متحدہ میں 21 ستمبر سے سرگرمیوں کا آغاز ہو جائیگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اسی روز ہیومین رائٹس کونسل سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرینگے ، وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس سے 25 ستمبر ، 29 ستمبر کو فنانسنگ فار ڈویلپمینٹ اور 30 ستمبر کو حیاتیاتی تنوع سے متعلق ہونے والے اجلاسوں سے خطاب کرینگے ، 31 ستمبر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بیجنگ ویمن کانفرنس سے خطاب کرینگے ۔