کراچی(کامرس رپورٹر)مسقط میں نامزد پاکستان کے سفیر کے کے احسن وگن نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پاکستان اور مسقط کے درمیان براہ راست تجارت کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ زیادہ تر پاکستانی مصنوعات دبئی کے راستے مسقط جارہی ہیں۔تجارت اور تجارتی تعلقات ان کے دل کے بہت قریب ہیں لہٰذا وہ پاکستانی اور مسقط کی تاجربرادری کے مابین باہمی کاروباری رابطوں میں سہولت فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسری ( کے سی سی آئی ) کے دورے کے موقع پر سینئر نائب صدر ارشد اسلام سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔پاکستانی سفیر نے کہاکہ مضبوط تجارتی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اوردنیا کے مختلف ملکوں میں فرائض انجام دینے والے پاکستانی سفارتکاروں کے لیے بھی یہ بنیادی فرائض میں شامل ہے ۔ اقتصادی سفارتکاری بہت ضروری ہے کیونکہ اقتصادی سفارتکاری کے اثرات معاشرے ، کمیونٹی اور لوگوں پر پڑتے ہیں۔اگر برآمدات بڑھیں گی تو اس کے نتیجے میں زرمبادلہ آئے گا اور روزگار کے بھی وسیع مواقع پیدا ہوں گے بلآخر ملک میں غربت میں کمی آئے گی۔انہوں نے کے سی سی آئی کے ممبران کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی جو مسقط کی تاجربرادری کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہش مندہیں۔