کراچی (کامرس رپورٹر)ایرانی تجارتی وفد کے سربراہ مراد نعمتی نے زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے جتنا جلدی ممکن ہو سکے اقدامات عمل میں لائے جائیں بالخصوص کسٹم ڈیوٹی کو کم کر کے قانونی تجارت کو فروغ دیا جائے اور اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی کی جائے ۔ہفتے کے روز کراچیچیمبر کے دورے کے موقعے پر انھوں نے کہا کہ کسٹم ڈیوٹی کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینل کو بھی باضابطہ طور پر شروع کرنا ہوگاجو دونوں ممالک کی تاجر برادریوں کا دیرنہ مطالبہ ہے ۔ اس موقع پر ایرانی قونصل خانے کے کمرشل اتاشی محمود حاجی یوسفی پور، کراچی چیمبر کے نائب صدر شاہد اسماعیل ، سابق نائب صدر آصف شیخ جاوید مینیجنگ کمیٹی کے اراکین و دیگر ممبران کے علاوہ ایرانی وفد کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممبران بھی موجود تھے ۔