اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی، این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ برطانوی حکومت 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے اپنے برطانوی ہم منصب کو خطے میں پائی جانے والی کشیدگی، امن وامان کی مخدوش صورتحال اور اس حوالے سے پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا تمام فریقین کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو معمول پر لانے کی سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔وزیر خارجہ نے افغان امن عمل کے سلسلے میں پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کوششوں سے بھی برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔برطانوی وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔