نیویارک( ندیم منظور سلہری) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امورروز میری ڈی کارلو سے خصوصی ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول پر بھارتی حملے میں مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کے جھوٹے دعوئوں کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرح حقائق پر پردہ نہیں ڈال رہا، پاکستان کی جانب سے غیر ملکی سفارتکاروں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کروانا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کچھ نہیں چھپا رہا، بھارت کی جانب سے مکاری اور جھوٹ پر مبنی بیان بازی کی اصلیت سب پر عیاں ہو گئی ہے ، بھارتی فوج 5 اگست کے بعد ہزاروں نوجوانوں اور بچوں کو بغیر مقدمات کے اٹھا کے لے گئی، بھارتی سفاکانہ اقدامات اور ظلم و بربر یت سے کشمیر میں سنگین انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ، اقوام متحدہ کو بڑھتی کشیدگی کم کرنے اور خطے کے امن و سلامتی کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے ، اقوام متحدہ کو بھارت پر زور دینا چاہئے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرے ۔