اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)پاکستان بیت المال نے مریضوں کے علاج کے لئے فنڈز جاری کردئیے ، پاکستان بیت المال نے گزشتہ روز 1135 مریضوں کے علاج کے لئے ہسپتالوں کو دس کروڑ 86لاکھ روپے جاری کردئیے جبکہ آئندہ چند روز میں مزید چیک ہسپتالوں کو جاری کردئیے جائیں گے ،نگران حکومت نے انتخابات کے پیش نظر بیت المال کو فنڈز کی فراہمی روک دی تھی جس کی وجہ سے سائلین اور مریضوں کومالی امداد کی عدم فراہمی پر شدید مشکلات کا سامنا تھا ،پاکستان بیت المال کے قائم مقام ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر محمد اقبال خان نے 92 نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نگراں دور حکومت نے وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال کے فنڈز روک دئیے تھے تاکہ نگران دور حکومت کے دوران فنڈزکا سیاسی استعمال نہ کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ نگراں دور میں فنڈز جاری نہ ہونے پر ہسپتالوں میں علاج کرانے والے غریب مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور تقریباً تین ہزار کے قریب مریضوں کی درخواستوں پر کارروائی رکی ہوئی تھی تاہم قومی انتخابات کے بعد اگست میں پاکستان بیت المال کی درخواست پر وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال کو فنڈز جاری کردئیے ہیں۔