واشنگٹن ( ندیم منظور سلہری سے )ڈپٹی ا سسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ ایلس ویلز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے دوست اتحادی ملک کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ، پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لئے ہم تیار ہیں پاکستان ہمارا اتحادی ملک ہے اسکی مسلمہ حقیقت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ واشنگٹن میں مختلف پاکستانی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان باصلاحیت اور پڑھا لکھے سیاستدان ہیں، ہمیں خوشی ہو گی کہ ہم اسکے ساتھ مل بیٹھ کر ان ایشوز پر گفتگو کریں جن کی وجہ سے دونوں ممالک میں کچھ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔ ہم کبھی پاکستان کو فراموش نہیں کر سکتے ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے اور اس بار بھی پُرامن طریقے سے اقتدار عوامی لوگوں کو منتقل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور اس نے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ان دہشت گردوں کو بھی ختم کرنے کے لئے ہماری مدد کرئے جو وہاں سے افغانستان آکر خودکش بم دھماکے کرتے ہیں ہم یہ بھی امید کرتے ہیں کہ پاکستان کی نئی حکومت امریکی مفادات کو سمجھے گی اور ہمارے ساتھ افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے بھرپور تعاون کریگی ہم بھی پاکستان کی نئی حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم اپنے دوست اتحادی ملک کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔