بنگلورو (آن لائن، نیٹ نیوز) بھارتی شہر بنگلورو میں متنازعہ شہریت قانون کیخلاف مظاہرے کے دوران پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگانے والی لڑکی کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔امولیا کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔امولیا نے اسد الدین اویسی کے مظاہرے میں سٹیج پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا تھا جس پر وہاں موجود لوگوں نے اس سے مائیک چھین لیا اور پولیس نے اسے حراست میں لے لیا، اویسی نے اس نعرے کی مذمت کی ۔ امولیا نے ضمانت کی درخواست دائر کی تاہم جوڈیشل مجسٹریٹ نے درخواست مسترد کر دی۔امولیا کے والد نے شکایت کی کہ ایک گروہ انکے گھر آیا اور امولیا سے زبردستی بھارت ماتا کی جے کے نعرے لگوائے اور دھمکیاں بھی دیں۔پولیس کے مطابق لڑکی کے والد کی شکایت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔علاوہ ازیں بنگلورو میں ہی پولیس نے مظاہرے میں مسلمانوں اور کشمیریوں کی حمایت کرنیوالی ایک طالبہ کو گرفتار کر لیا۔ اردرا نامی طالبہ نے پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر ’’آزاد کشمیر، آزاد مسلمان، آزاد دلت‘‘ تحریر تھا۔