نئی دہلی (نیٹ نیوز )بھارت نے کہا ہے اگر پاکستان دوستانہ تعلقات قائم کرنے میں سنجیدہ ہے تو اسے دائود ابراہیم اور حافظ سعید جیسے مطلوب مجرموں اور دہشتگردوں کو حوالے کرنا ہوگا۔این ڈی ٹی وی کے مطابق پیرس میں فرانسیسی روزنامے کو انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا یہ تعلقات کئی برسوں سے مشکل ہیں ، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کی ایک اہم صنعت تیار کی ہے اور وہ دہشتگردوں کو حملے کرنے کیلئے ہندوستان بھیجتا ہے ۔ پاکستان خود بھی اس صورتحال سے انکار نہیں کرتا ۔اب آپ مجھے بتائیں کہ کون سا ملک ایسے پڑوسی ممالک سے بات چیت کرنے کو تیار ہوگا جواس کیخلاف کھلے عام دہشتگردی کا مرتکب ہوتا ہے ۔ہمیں ایسے اقدامات چاہئیں جن سے تعاون کرنے کی حقیقی خواہش کا اظہار ہو۔مثال کے طور پر دہشتگرد سرگرمیوں میں مطلوب افراد پاکستان میں موجود ہیں۔ ہم پاکستان کو بتا رہے ہیں، انہیں ہمارے حوالے کرو۔انہوں نے دعوی کیا مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں بتدیج ہٹائی جا رہی ہیں اور صورتحال نارمل ہو رہی ہے ۔ بھارت چین تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا اچھے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں ۔