اسلام آباد،کراچی(خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے AL-43 ہیلی کاپٹرسمیت عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ کیا، پی این ایس اصلت اور عمانی بحریہ کے جہاز کے درمیان باہمی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق صلالہ بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے جہاز کا پر تپاک استقبال کیا گیا اور کمانڈنگ آفیسر پی این ایس اصلت کیپٹن شفیق الرحمٰن نے کمانڈنگ آفیسرصلالہ نیول یونٹ اور کمانڈر 11 انفنٹری بریگیڈ سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے چیف آدی نیول سٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کی جانب سے عمان کے عوام کے لئے بالعموم اورعمانی نیوی کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کاپیغام پہنچایا ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کے درمیان بحری اشتراک پرتبادلہ خیال کیا گیا۔دورے کے آخری مرحلے میں پی این ایس اصلت اور عمانی بحریہ کے جہاز کے درمیان باہمی مشقوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پی این ایس اصلت بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پٹرول کے ضمن میں تعینات ہے اور دورے کے اختتام پر اس نے بحیرہ عرب میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کا دوبارہ آغاز کردیا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان مضبوط دوستانہ تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔یہ جہازپاک بحریہ کے بیڑے کاصف اول کاجنگی جہازاورسورڈ کلاس فریگیٹ پروجیکٹ کاچوتھا جہازہے جس کی تعمیرکراچی شپ یارڈاینڈانجینئرنگ ورکس کراچی میں ہوئی ہے ۔ یہ جہازجدید ہتھیاروں وسنسرزسے لیس ہے جومختلف النوع خطرات سے نمٹنے کیلئے کسی بھی قسم کے میری ٹائم آپریشنزکرنے کی صلاحیت رکھتاہے ۔