اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ہدایت کی ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے کی تشہیر کے حوالے سے میڈیا کو تمامتر سہولیات فراہمی کی جائیں۔وزیر اطلاعات و نشریات کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی آمد کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات کو سعودی ولی عہد کے دورے کی جامع تشہیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔انہوں نے ہدایت کی کہ میڈیا کو دورے کی تشہیر کے حوالے سے تمامتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔پی ٹی وی حکام نے بتایا کہ دورے کی مکمل تشہیر کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔ڈی جی پی این سی اے جمال شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ سعودی ولی عہد کی آمد کے موقع پر ثقافتی طائفے اور موسیقی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل بھی موجود تھے ۔وزیر اطلاعات نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ سرمایہ کاری گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی ا یک تاریخ ہے اور اب تو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہت زیادہ گرمجوشی آئی ہے کیونکہ پاکستان مشرق وسطی میں اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے ۔پاکستان کے سعودی شاہی خانداہی کیساتھ خوشگوارتعلقات ہیں۔ سعودی عرب گوادر میں 8 ارب ڈالر سے آئل ریفائنری قائم کرے گا ۔ اسطرح دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی فضا مزید بڑھتی جائے گی ۔