اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان میں ایک سال کے دوران چینی ، گندم ، آٹا، پٹرول ،خوردنی تیل سمیت مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ بین الاقوامی مارکیٹ کے مقابلے میں بہت کم رہا۔ پاکستان میں ایک سال کے دوران چینی کی قیمت میں 19.70 فیصد جبکہ عالمی منڈی میں 58.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، پٹرول کی قیمت میں33 فیصدجبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 119.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بناسپتی گھی کی قیمت میں 52.58 فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمت میں20.65 فیصد جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں 102.6 فیصد اور سویابین آئل کی قیمت میں 119.2 اضافہ دیکھنے میں آیا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق مئی 2020 میں پاکستان میں (ریفائنڈ) چینی کی فی کلو قیمت 81.37 روپے کلو تھی جبکہ مئی 2021 میں چینی کی قیمت 97.43 روپے کلو رہی ۔ گزشتہ ایک سال کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 19.70 فیصد اضافہ ہوا ۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں مئی 2020 کے دوران چینی کی قیمت 240 ڈالر فی میٹرک ٹن تھی جو مئی 2021 میں 380 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی اس طرح عالمی منڈی میں چینی کی قیمت میں 58.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کے مقابلہ میں عالمی منڈی میں چینی کی قیمت میں 38.60فیصد زیادہ اضافہ ہوا ۔ مئی 2020 کے دوران پاکستان میں کوکنگ آئل کی قیمت 1276.40 روپے فی 5 کلو تھی جو مئی 2021 میں 1540 روپے رہی ۔ ایک سال کے عرصہ میں کوکنگ آئل کے پانچ کلوکی قیمت میں20.65 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مئی 2020میں عالمی منڈی میں سویا بین آئل کی فی میٹرک ٹن قیمت 684 ڈالر تھی جو مئی 2021میں قیمت 1499 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔ قیمت میں اضافہ کی شرح 119.2 فیصد رہی ۔ اس طرح پاکستان کے مقابلہ میں بین الاقوامی مارکیٹ میں کوکنگ آئل کی قیمت میں 98.55 فیصد زیادہ اضافہ ہوا ۔ مئی 2020 میں پاکستان میں ویجی ٹیبل گھی کی قیمت 247.29 روپے کلو تھی جو 22.58 فیصد اضافہ سے مئی 2021 میں 303.12 روپے فی کلو تک بڑھی ۔ عالمی منڈی میں پام آئل کی فی میٹرک ٹن قیمت مئی 2020 کے دوران 574 ڈالر تھی جو مئی 2021 میں1163ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ گئی اور قیمت میں 102.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ مئی 2020 میں پاکستان میں پٹرول کی فی لٹر قیمت 81.58 روپے تھی جو 33 فیصد اضافہ سے مئی 2021میں 108.56 روپے فی لٹر تک بڑھی جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں مئی 2020 کے دوران کروڈ آئل کی قیمت 33 ڈالر فی میٹرک ٹن تھی اور 119.4 فیصد کے اضافہ سے مئی2021کے دوران عالمی منڈی میں کروڈ آئل کی قیمت 68 ڈالر فی میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ۔ مئی 2020 کے دوران پاکستان میں 20کلو آٹا تھیلا 878.15 روپے کا بک رہا تھا اور ایک سال کے عرصہ میں قیمت میں 28.53 فیصد اضافہ سے مئی 2021 کے دوران 20 کلو آٹا تھیلے کی قیمت 1128.69 روپے تک بڑھی جبکہ عالمی منڈی میں مئی 2020 میں گندم کی فی میٹرک ٹن قیمت 209.9 ڈالر تھی اور 29.1 فیصد اضافہ سے مئی 2021 کے دوران گندم کی فی میٹرک ٹن قیمت 271 ڈالر تک پہنچ گئی۔ ایک سال کے دوران پاکستان کے مقابلہ میں عالمی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 38.60 فیصد جبکہ پٹرول کی قیمت میں 86.4 فیصد زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔