لاہور(قاضی ندیم اقبال) خطے میں چودھراہٹ کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ۔ پاکستا ن ایک پر امن ملک ہے جہاں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں۔گورو نانک دیو جی کی تعلیمات خدا کے تصور اور انسان کے فرائض کے بارے میں ہیں۔ بھارت صرف نام کا سیکولر ہے ، وہاں جمہوریت ہے نہ مذاہب کو آزادی حاصل ہے ،ان خیالات کا اظہارسکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی کی برسی کے موقع پر چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد ،پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردار امیر سنگھ،ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر اورہندو ویلفیئر کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر منور چاند نے ’’92‘‘ نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام حقوق حاصل ہیں۔بھارت زبردستی خطے کا چودھری بننا چاہتا ہے مگر خطے میں چودھراہٹ کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔خطے میں استحکام کے لئے پاکستانی پالیسی سب کے سامنے ہے ۔ جبکہ بھارت نے روز اول سے پاکستان کو تسلیم ہی نہیں کیا،بھارت ایشوز سے توجہ ہٹانے کیلئے جارحانہ اقدامات کا سہارا لیتا ہے ۔ چین، بنگلہ دیش، بھوٹان ، سر لنکا و دیگر ممالک بھی بھارتی پالیسیوں سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں۔ ملک کی مسلح افواج چوکس ہیں وہ کسی کو پاک سرزمین پر بری نظر نہیں ڈالنے دیں گی۔گورو نانک دیو جی برسی تقریبات کے حوالے سے صرف پاکستان ہی نہیں، بھارت سے بھی سکھ یاتریوں کی آمد کے منتظر تھے ۔ مگر بھارت ہٹ دھرمی ایک بار پھر آڑے آ گئی ۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردار امیر سنگھ نے کہا کہ گورو نانک دیو جی کی تعلیمات خدا کے تصور اور انسان کے فرائض کے بارے میں ہیں۔صرف ایک خدا کا وجود ہے جو حقیقتاً خالق ہے ، وہ خوف اور نفرت سے عاری ہے ، گورو نانک دیو بین المذاہب اور معاشرتی ہم آہنگی کا نشان تھے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کھول کر دنیا بھر میں بسنے والے سکھ مذہب کے پیروکاروں کو باور کرایا کہ پاکستان سرکار اورپاکستانیوں نے اپنے دل، بانہیں ان کے لئے کھول دی ہیں اور اسی محبت بھرے پیغام سے بھارتی سرکاری خائف ہے کیونکہ عمران خان حکومت نے جو کام کر دکھایا ، اس کے بعد سے مودی سرکار کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ خالصتان تحریک سمیت بھارت میں چلنے والی علیحدگی پسند تحاریک میں نئی جان پڑ گئی ہے ۔ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے کہا کہ ملک میں بسنے والے غیر مسلم شہریوں کے لئے جو پالیسیاں حکومت پاکستان نے بنائی ہیں۔ اس کا ہمسایہ ملک بھارت میں دور دور تک تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کا شمار دنیا بھر میں اقلیت نواز، اقلیت دوست ممالک کی صف میں سب سے اوپر ہوتا ہے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے تحت وفاقی حکومت اقلیتوں کے لئے جو کچھ کر رہی ہے وہ لائق تحسین ہے ۔ ہندو ویلفیئر کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر منور چاند نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک دعوے تو سبھی حکمران کرتے رہے مگر صرف چند ایک ہی ایسے ہیں، جنہوں نے سکھ اور ہندو مذہب کے پیروکاروں سمیت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حقیقی معنوں میں کام کیا اور یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ عمران خان حکومت اس حوالے سے سب سے نمایاں ہے ، عمران خان حکومت کی پالیسیوں نے بھارتی حکومت کی نیندیں اڑا رکھی ہیں۔