لاہور، اسلام آباد(جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، خبر نگار)پاکستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد124 کیسز کے اضافے کے ساتھ2764 ہوگئی جبکہ مزید4 افراد جاں بحق ہوگئے ، ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 42 ہوگئی، خیبرپختونخوا میں مزید 2 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔پنجاب میں گزشتہ روز 18 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1087 ہوگئی ۔سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 56 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 839 ہوگئی۔خیبرپختونخوا میں مزید 29،بلوچستان میں 10، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں 3 کیس سامنے آئے ہیں۔ پنجاب میں اب تک 1087، سندھ 830،خیبرپختونخوا 343، گلگت بلتستان 193، بلوچستان 175، اسلام آباد 75 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ، اب تک 130 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ روز مزید 18، بلوچستان میں 9 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کے مطابق 490عام شہریوں، قرنطینہ سنٹرز میں 309زائرین، 285تبلیغی جماعت جبکہ 3قیدیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں 210 جبکہ دوسرے نمبر پرگجرات میں 94، راولپنڈی 54، جہلم میں 29 کنفرم مریض ہیں، پنجاب کے 26اضلاع سے کورونا وائرس کے مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ کیمپ جیل لاہور میں قید چار ملزمان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ، ایک مریض میو ہسپتال میں زیر علاج ،3 مریضوں کو جیل میں کورونا سیل میں رکھا گیا ہے ۔علاوہ ازیں ہوم ڈیپارٹمنٹ نے ہائی ویز پر پٹرول پمپ اور ڈرائیورز ہوٹل کھولنے کے لئے پولیس کو مراسلہ لکھ دیا۔ آٹو ورکشاپس اور سپیئر پارٹس کی دکانوں کو بھی بند نہ کرانے کا کہا گیا ہے ۔رائیونڈ میں پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مرغا بنا دیا۔ واشنگٹن(نیٹ نیوز؍ نیوز ایجنسیاں)دنیا بھر میں کرونا کے مزید71 ہزار کیس سامنے آگئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 11.88لاکھ ہوگئی جبکہ گزشتہ روز مجموعی طور پر4933 افراد ہلاک ہوئے ۔امریکہ میں مزید839 ،فرانس میں 1057،اٹلی میں 681،سپین میں 546، جرمنی میں 55، ایران میں 158، برطانیہ میں 708،ترکی میں 76، سوئٹزلینڈ میں 50، بیلجیئم میں 140، نیدرلینڈز میں 164، آسٹریا میں 18، پرتگال میں 20، اسرائیل میں 4،سویڈن میں 15، روس میں 19،انڈونیشیا میں 10، سعودی عرب میں 4افراد ہلاک ہوئے ۔امریکہ میں کورونا وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1480 افراد کی جان لے لی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس سے صرف نیویارک میں 680 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ریاست میں ہلاک افرادکی تعداد 3 ہزار218 ہوگئی۔اٹلی میں وزیراعظم کے سکیورٹی دستے میں شامل پولیس اہلکار بھی کورونا سے ہلاک ہو گیا ۔ مصر کے کینسر انسٹی ٹیوٹ میں اب تک 3ڈاکٹرز اور 12نرسوں میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے ۔سپین کے وزیراعظم نے لاک ڈائون میں 25اپریل تک توسیع کر دی ۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کی وجہ سے بند نجی کمپنیوں کے ملازمین کو حکومت کی جانب سے 60 فیصد تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ جدہ میں جزوی لاک ڈائون کردیا گیا۔یو اے ای میں کرفیوں میں توسیع کردی گئی۔