اسلا م آباد ،لاہور ،ملتان،کراچی،پشاور ،کوئٹہ، واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی،نامہ نگار،وقائع نگار،جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،کرائم رپورٹر،سٹاف رپورٹر،خبرنگار، 92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید6 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد 6745ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں773نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد 329375ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 11190ہو گئی،576مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور311440صحتیاب ہو چکے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کورونا کاپھیلاؤجاری ہے ، پاکستان میں دوسری لہرشروع ہوچکی اوراموات بھی بڑھ ر ہیں۔دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے ایس اوپیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔حکومت کو مجبوراً سخت اقدامات کرنا ہونگے ۔جن علاقوں میں کیسز زیادہ ہیں وہاں پرتوجہ زیادہ ہوگی۔پابندیاں سخت کرنا ناگزیر ، چند روز میں گائیڈ لائنز سامنے آجائینگی۔ کمرشل سرگرمیوں اور تقریبات کی ٹائمنگ میں کمی پر مشاورت جاری ہے ۔ ملک میں کورونا کیسز کی یومیہ تعداد 400سے بڑھ کر 700ہوگئی ،پرہجوم جگہوں پر ماسک پہننا رضروری ہے ۔ امید ہے کہ دوسری لہر سے کامیابی سے نکلیں گے ۔دریں اثناانٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے کورونا کیسز کی تصدیق ہوگئی، یونیورسٹی کو کل تک بند کردیا گیا۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید ایک ہلاکت ہوئی جبکہ207نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہور میں 75،راولپنڈی 37کیسزرپورٹ ہوئے ۔ کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر میو ہسپتال میں روٹین آپریشن بند کر دیئے گئے ۔ شعبہ سرجری کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اصغر نقی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایمرجنسی اور کینسر کے مریضوں کی سرجریز معمول کے مطابق جاری رہینگی۔پنجاب حکومت نے سکولوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سنٹرل پورٹل قائم کردیا۔ادھر ملتان کے ایڈیشنل کمشنر ارشد گوپانگ اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خاکوانی نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ محکمہ صحت نے کمشنر ملتان سمیت دفتر کے تمام افسروں کا ٹیسٹ کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید5 مریض جان کی بازی ہار گئے جبکہ 335نئے کیسز میں سے 250 کا تعلق کراچی سے ہے ۔خیبر پختونخوا میں ایک اورمریض جاں بحق ہوگیا ۔بلوچستان میں مزید 20کیس سامنے آگئے ، تعلیمی اداروں میں مزید 7افراد میں تصدیق ہوگئی ۔دنیا بھرمیں 1169595اموات ہو گئیں جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں وبا کی تیسری لہر شروع ہوچکی جو زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے ۔ عالمی ادارہ صحت نے کورونا کی عالمی وبا سے متعلق نئی وارننگ جاری کر دی ۔ دنیا کے متعدد ممالک میں کیسز میں بدستور اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے جس پرعالمی ادارے نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کو روکنے کی خاطر زیادہ فعال انداز اختیار کرنا ہو گا۔ایران میں دوسری لہر جاری ہے اور ہر پانچ منٹ بعد ایک شخص دم توڑ رہا ہے ۔ ایرانی نائب وزیر صحت ایرج حریرچی تبریزی نے کہاکہ وبا کی لپیٹ میں آنیوالوں کا یہی حال رہا تو اگلے دنوں میں ہر روز چھ سو افراد کی موت کا خدشہ ہے ۔سپین میں25سال کے دوران ڈاکٹروں نے پہلی ہڑتال کی اور کورونا کی وجہ سے کام کے بہتر حالات اور خدمات کو تسلیم کرنیکا مطالبہ کیا ۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جانی اینفانتینو نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔