ملتان(سپیشل رپورٹر،این این آئی،اے پی پی ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان نازک مرحلے سے گزر رہا ،سازشوں کے تانے بانے بنے جارہے ہیں، پاکستان کیخلاف کام کرنے والی قوتیں ملکی معیشت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں،مودی الیکشن میں اپنی جیت یقینی بنانے کیلئے ہم پرکوئی بھی وارکرسکتاہے ،وہ شب خون مارسکتاہے ،ہمیں مکمل یکجہتی کے ساتھ دشمن کوجواب دیناہے ، نریندرمودی سن لے یہ پرانانہیں نیاپاکستان ہے ،ہماری ایئر بیس اور بارڈرز الرٹ ہیں، بھارت سے جنگ نہیں امن چاہتے ہیں تاہم کسی بھی غیر ملکی جارحیت کی صورت میں مسلح افواج اور قوم تیار ہے ،عافیہ صدیقی حساس معاملہ ہے اس پر احتیاط سے کام لیا جائے ،23مارچ نئے جذبے سے منائیں گے ، ان شہیدوں کوسلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا وفد کرتار پور بارڈر کھولنے کیلئے بھارت سے مذاکرات کررہا ہے ، بھارت سے معاملات کے سلجھاؤ کیلئے آج 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہو رہا ہوں،ہمیں جنگ نہیں امن کی جانب بڑھنا ہے تاہم 19 مئی تک مودی سرکار سے کوئی بعید نہیں،لائن آف کنٹرول پر حالات قابو میں ہیں، بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا بھارت میں سنجیدہ لوگوں پر اثر ہوا ، حالیہ کشیدگی کے دوران ترکی ،عرب امارات، سعودیہ نے اہم کردار ادا کیا ، پاک بھارت مشترکہ اعلامیہ کافی عرصے بعد سامنے آیا ، پہلی باراو آئی سی قرارداد میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا ذکر کیا گیا، میں ان وزرائے خارجہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہم سے تعاون کیا اور ہماری بات سمجھی،ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ حساس ہے اس حوالے سے انکے خاندان اور دیگر افراد جو افواہیں پھیلا رہے ہیں ان سے گریز کریں، روس کشمیر کے حوالے سے ثالثی کو تیار ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بعد ازاں ملتان آرٹس کونسل میں ایپکا کے مرکزی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف اگر کے پی کے میں بہتر کامیابی کا مظاہرہ کرکے دوبارہ اقتدار میں آسکتی ہے تو قوم جان لے ،تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں بھی عوام کو مایوس نہیں کرے گی، ایپکا کے مطالبات اور ذمہ داریوں کا مکمل طرح سے ادراک ہے ، وزارت خزانہ میں ایپکا کا وکیل بن کرجاؤنگا، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات پنجاب حکومت تک پہنچاؤں گا۔