بیجنگ ( آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک )چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکلنے کی خاطر دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے بہت کوششیں کی ہیں۔گزشتہ روزچینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے بیشتر ارکان نے حالیہ اجلاس میں پاکستان کی انسداد دہشتگردی سے متعلق فنانسنگ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے کاوشوں کو تسلیم کیا جبکہ پاکستان کو ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے مزید وقت دیاہے ۔ پاکستان اور ایف اے ٹی ایف سے متعلق چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ہم پاکستان کی مزید معاونت کیلئے متعلقہ فریقوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔واضح رہے کہ ایف اے ٹی ایف کا حالیہ اجلاس میں کہنا تھا کہ پاکستان نے ایکشن پلان پرعملدرآمد پر خاطرخواہ پیشرفت کی تاہم جون تک پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔