کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان نے پانچ سال بعد ایک لاکھ ٹن آم کی ایکسپورٹ کی سطح عبور کرلی ہے ۔ موثر مارکیٹنگ اور معیار کی بدولت پاکستانی آم نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں بہتر قیمت حاصل کی ہے ۔ رواں سیزن آم کی ریکارڈ ایکسپورٹ کا امکان ہے ۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر وحید احمد کے مطابق رواں سال آم کی ایکسپورٹ کا ایک لاکھ ٹن کا ہدف پورا کرلیا گیا ہے ستمبر کے وسط تک ایک لاکھ پندرہ ہزار ٹن آم ایکسپورٹ کیا جاچکا ہے ۔ چار سال میں پہلی مرتبہ آم کی ایکسپورٹ کا ہدف حاصل ہوا ہے جبکہ پانچ سال بعد ایکسپورٹ ایک لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئی ہے ۔ وحید احمد کے مطابق ایکسپورٹ کا سلسلہ اکتوبر کے وسط تک جارہی رہے گا اور سیزن کے اختتام تک ایک لاکھ تیس ہزار ٹن آم برآمد ہونے کا امکان ہے ۔