اسلام آباد؍میرپور(سپیشل رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ؍ این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے ایک بارپھر بھارت کو خبر دار کیا ہے کہ نریندر مودی کی پاکستان پر حملے کی کوشش آخری غلطی ہوگی ،ساری الیکشن مہم میں مودی نے انتہا پسند آر ایس ایس کی نفرتوں کو بڑھاوا دیا،ہم نے ان کا بڑی مونچھوں والا پائلٹ واپس کیا، پاکستان پر امن ملک ہے ،کشمیر کا بہت اچھا وقت نظر آرہا ہے ، اب کرفیو زیادہ دیر تک نہیں رہ سکے گا،کشمیر سے جس دن کرفیو اٹھے گا، انسانوں کا سمندر نکلے گا، ایک ہی آواز آئے گی اور آزادی کی آواز آئے گی، اس کے بعد مودی کے پاس کوئی اور پتہ کھیلنے کے لئے نہیں رہے گا۔جمعرات کو یہاں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے نزدیک سب سے مقبول عمل مشکل وقت میں صبر کرنا ہے اور میں کشمیر کی عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کے لئے اچھا وقت آنے والا ہے ۔عمران خان نے کہا مودی نے چھ مہینے پہلے جو حماقت کی اور تکبر میں 5 اگست کو جو قدم اٹھایا، اس نے تکبر میں وہ غلطی کی جس کے بعد اﷲ پر ایمان رکھ کر پیش گوئی کرتا ہوں کہ اب کشمیر آزاد ہوگا۔وزیراعظم نے کہا مودی نے سارے الیکشن میں پاکستان کو برا بھلا کہا، بالاکوٹ میں ہمارے درخت شہید کئے اور کہا کہ پاکستان میں 350 دہشت گرد ماردیئے اور دو جہاز گرادیئے ، مجھے تو تکلیف ہوتی ہے کہ کوئی درخت گرائے ۔وزیراعظم نے پاکستانی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بڑی مونچھوں والا پائلٹ گرا، ہم نے وہ بھی دے دیا، پاکستان آج وہ ملک ہے جو دنیا کے مسئلے حل کرتا ہے ، ہم نے پوری کوشش کی کہ ایران اور سعودیہ میں لڑائی نہ ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ مودی نے جو بیان دیا کہ 11 دنوں میں پاکستان کو فتح کرلوں گا، لگتا ہے کہ مودی نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، لگتا ہے آپ کی ڈگری جعلی ہے ، مودی نے جو تکبر بھرا بیان دیا کوئی انہیں دنیا کی تاریخ بتائے ، دنیا کی طاقتور فوج 19 سال سے افغانستان میں ہے ،ان کے بھی جرنیلوں نے کہا تھا چند دنوں میں افغانستان کو فتح کرلیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مودی اور ان کے کمانڈر اِنچیف کو پیغام دیتا ہوں کہ آپ 5 اگست کو ایک حماقت کر بیٹھے ہیں اور اگر اب یہ غلطی کی تو یاد رکھنا کروڑوں پاکستانی اور بچہ بچہ آخری سانس تک لڑنے والا ہے ، ہم تمہارا مقابلہ کرکے دکھائیں گے ، ہماری فوج منجھی ہوئی ہے ، دنیا کی بڑی بڑی فوجیں وہ جنگ نہیں جیت سکیں جو ہماری فوج نے جیتی، اس لئے مودی اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ پاکستان میں ایکشن لے کر ہندوتوا کو اوپر لائیں گے ، اگر آپ نے یہ کیا تو یہ آپ کی آخری غلطی ہوگی۔وزیراعظم نے کہا اﷲ کا فرمان ہے کہ ایک منصوبہ انسان بناتا ہے اور ایک اﷲ بناتا ہے اور کامیاب خدا کا منصوبہ ہی ہوتا ہے اور مودی کا منصوبہ ناکام ہوگیا ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کا پرچم میرپور میں لہرایا جارہا ہے ، یہ علامت ہے کہ پاکستان کا ہر شہر، ہر شہری، ہر ادارہ، ہر سیاسی جماعت کشمیریوں کے ساتھ کل بھی تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے بھارتی وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی عقل کے ناخن لو !اگر ہم نے کشتیاں جلادیں تو دہلی کے دروازے پر جھنڈے گاڑ دیں گے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا پاکستان پر بری نظر رکھنے والے بھارت کو شکست دینے کے لئے ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے ، ریاست کشمیر کی ایک ہی آواز ہے رائے شماری۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کا 5 اگست کے بعد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر دوبارہ اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا پاکستان کے تمام ادارے کشمیر کے پیچھے کھڑے ہیں، ہمیں پاکستان کی عوام، اس کی قیادت پر اطمینان رکھنا چاہئے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔وزیراعظم نے یتیم اور لاوارث بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے میرپور میں تعلیمی کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کی ضرورتوں سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے انتظامی طور پر ہر ممکنہ اقدام اٹھا رہی ہے ۔وزیرِ اعظم نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ مہنگائی پر موثر طور پر قابو پانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ گیس اور بجلی سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کے شعبے میں ماضی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر شفقت محمود بھی وزیراعظم سے ملے اور ق لیگ کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق شفقت محمود نے وزیر اعظم کو بتایا کہ مسلم لیگ (ق) جہانگیر ترین والی کمیٹی کی بحالی چاہتی ہے ،ق لیگ کو یقین دہانی کرائی کہ تمام تحفظات دور کریں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اتحادیوں سے کئے وعدے پورے کر کے ان کے تحفظات دور کریں گے ۔