لاہور(جوادآراعوان)پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارتی مفادات اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لئے انگور اڈہ اور خرلاچی بارڈرز12جولائی کو کھولنے کی تیاریاں کررہا ، جسکے لئے تمام معاملات اور انتظامات طے کرنے کیلئے دوطرفہ رابطے جاری ہیں۔سفارتی حکام نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش اور دو طرفہ تعلقات کی مزید بہتری کے لئے کابل سے طورخم اور چمن ٹرمینلز پراجیکٹ کا ماسٹر پلان بھی شئیر کیا ہے ۔سفارتی حکام نے بتایا کہ افغان پولیٹیکل اور سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں موجود بھارتی لابی پاکستان کی افغانستان کے ساتھ تجارتی اور امن محاذ پر کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لئے ایکٹو ہے لیکن کابل میں سمجھ دار اور ذی شعور طبقہ مانتا ہے کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات استور کئے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔