نئی دہلی،اسلام آباد (92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) بھارت کامکروہ چہرہ ایک بارپھربے نقاب ہو گیا جبکہ پلوامہ حملے پر پاکستان کا موقف سچ ثابت ہو گیا۔ پلوامہ ڈرامے کے ناقابل تردید شواہد سامنے آ گئے ۔ بھارتی میڈیا بھی سچ چھپانے میں ناکام ہوگیا۔ پلوامہ میں بھارت نے اپنے فوجی خود مروائے اور الزام پاکستان پر لگایا۔نریندر مودی 40 بھارتی فوجیوں کی لاشوں پر کھڑے ہو کر مگر مچھ کے آنسو بہاتے رہے ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قریب سمجھے جانے والا اینکر ارنب گوسوامی اور بھارتی براڈ کاسٹ آڈئینس ریسرچ کونسل کے سربراہ کی واٹس ایپ چیٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا۔ چیٹ کے مطابق ارنب گوسوامی کو بھارت میں اعلی ترین سطح پر ہونیوالے فیصلوں کا علم تھا۔ارنب گوسوامی نہ صرف بالاکوٹ پر حملے اور آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بھی آگاہ تھا بلکہ بی اے آر سی کے سربراہ کیساتھ ملکر اپنے چینل کی ریٹنگ بڑھانے پر کام کرتا رہا۔23 فروری 2019 کو ارنب نے بی اے آر سی سربراہ کو پیشگی اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا پاکستان کیخلاف معمول سے بڑی کارروائی ہوگی۔گوسوامی کو پتہ تھا کشمیر میں معمول سے ہٹ کر کچھ بڑا ہونیوالا ہے ۔ گوسوامی کے مطابق مودی حکومت پاکستان مخالف کارروائی سے عوام کو خوش کرنا چاہتی تھی۔ بالاکوٹ حملے کے بعد گوسوامی نے بی اے آرسی سربراہ کو بتایا مزید کارروائی بھی ہو گی۔گوسوامی کی بھارتی قوم پرستی درحقیقت صرف ٹی آر پیز حاصل کرنے کا بہانہ ہے اور بھارتی فیصلہ ساز بھی ٹی آر پیز کے جنون میں مبتلا مسخرہ نما اینکر کے ہاتھوں میں کھیلتے رہے ۔بھارتی پروفیسر اشوک سوائن پہلے ہی پلوامہ کو ڈرامہ قرار دے چکے ۔ انہوں نے کہا مودی نے پلوامہ میں وہی کیا جو 2002 میں گجرات میں کیا۔مودی نے ووٹ بٹورنے کیلئے پلوامہ ڈارمہ ہونے دیا۔انتخابات میں پلوامہ حملے کا فائدہ مودی کو ہوا۔ادھر وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے پاکستان کو بھارت کے بارے میں پہلے سے ہی معلوم تھا اب اس کاچہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوگیا، اب اقوام عالم کو افسوس کے بجائے کارروائی کرنی چاہیے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہو گا ۔ پاکستان تو کب سے کہہ رہا ہے بھارت دہشتگردی میں ملوث ہے ۔ہمیں اب بھارتی چوریوں اور دہشتگردیوں پر حیران نہیں ہونا چاہیے ۔ ہم نے ان تمام شواہد کے ڈوزیئرعالمی برادری کو دیدیے لیکن سوائے افسوس کے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ بھارت ایک مافیا اور روگ سٹیٹ ہے ۔ اب عالمی اداروں کو انصاف کرنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے بھارت کو عالمی برادری نے ہمیشہ ریلیف دیا ہے ۔ اب ہم اپنی لابی کو مزید مضبوط کریں گے ۔