راولپنڈی ،اسلام آباد (نیوزرپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے فضا سے مار کرنے والے جدید ترین کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے کروز میزائل’’رعد 2‘‘ کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ میزائل میں جدید ترین گائیڈنس اور نیوی گیشن سسٹم نصب ہے اور یہ 600 کلومیٹر تک کے فاصلے پر زمین اور سمندر میں اپنے ہدف کو آسانی سے نشانہ بناسکتا ہے ۔ میزائل رعد 2 کا ایئر لانچ کیا گیا، کروز میزائل نے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا ۔ تجربے کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک پلانز ڈویژن( ڈی جی ایس پی ڈی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی بھی موجود تھے ۔ کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر انہوں نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت کے حوالے سے یہ بڑا قدم ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، وزیراعظم عمران خان ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے بھی کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے ۔