لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم گلزار خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے نظام کو پروفیشنل بنائینگے ، جس میں سزا اور جزا ہوگی ،غلط کام کرنے والوں کو احتساب سے گزرنا ہوگا۔نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہاکہ میڈیا پر بیٹھے ہوئے پنڈت اپنا کام کررہے ہیں مجھے اپنا کام کرنا ہے لہٰذا تعمیری تنقید کا خیر مقدم کروں گا۔ اصل کرکٹ ٹیسٹ کرکٹ ہے ، اس فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کو اوپر لانے کیلئے اقدامات کریں گے ۔ میرے بارے میں یہ تاثر غلط ہے کہ مجھے پاکستانی کلچر کے بارے میں کچھ پتہ نہیں ہے ، میں سب جانتا ہوں اور وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے متاثر ہوکر اپنے آبائی ملک میں کام کرنا چاہتا ہوں۔ پی سی بی سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے قانونی کور دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے اور پاکستان کرکٹ کو راہ راست پر لانے کیلئے ایک بڑے پلان پر کام کررہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ کی کئی کامیابیوں کے باوجود نظام میں خامیاں ہیں، اچھی پچز، گیندوں کی کوالٹی اور امپائرنگ کے معیار سمیت کئی چیزوں میں بہتری لائیں گے ۔ ہمارا ڈومیسٹک کرکٹ ماڈل ہمارے اپنے کلچر سے ملتا جلتا ہوگا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈپارٹمنٹ کرکٹ کو ختم نہیں کررہے بلکہ کوالٹی کرکٹ لائیں گے ۔ میں یہاں کا سسٹم ٹھیک کروں گا اور نااہل افسران کو گھر بھیجوں گا۔