کرنال (نیٹ نیوز ) بھارت کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پہلے دوحصوں میں تقسیم ہوا ، اب کئی حصوں میں تقسیم ہوجائے گا۔ ہریانہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران راجناتھ سنگھ نے کہا پاکستان کشمیر کو بھول جائے ، جہاں مرضی مسئلہ اٹھائے کچھ نہیں ہوگا، ہم پر کوئی دبائو نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے کہا 1947 میں دوقومی نظریہ کی بنیاد پر ہندوستان کی تقسیم کرادی گئی مگر 1971 میں پھر پاکستان کے دو ٹکرے ہوگئے ۔ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو پاکستان کو بکھرنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔راجناتھ سنگھ نے کہا میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو تجویز دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ اپنی سرزمین پر دہشتگردی کیخلاف لڑائی میں سنجیدہ ہیں تو ہم آپ کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اگر آپ ہماری فوج چاہتے ہیں تو ہم اسے آپ کی مدد کیلئے بھیج دیں گے ۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔