لاہور( شوبز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار لالہ سدھیر کی 23ویں برسی گزشتہ روز منائی گئی۔ پاکستان فلم انڈسٹری میں 40 سال تک اداکاری کے جوہر دکھانے والے ’جنگجو ہیرو‘ کا لقب پانے والے لالہ سدھیر کو ہم سے بچھڑے 23 سال بیت گئے ہیں، پاکستان کے پہلے ایکشن ہیرو کے نام سے پہچان بنانے والے شاہ زمان المعروف لالہ سدھیر زندہ دلوں کے شہر لاہور میں 25 جنوری 1922ء کو پیدا ہوئے ۔ قیام پاکستان کے بعد لالہ سدھیر کی پہلی فلم ہچکو لے تھی، اسی دور میں ان کی فلم دوپٹہ مقبول ہوئی، جس میں وہ نورجہاں اور اجے کمار کے مقابل جلوہ گر ہوئے جبکہ 1956ء میں فلم ’ماہی منڈا‘ اور ’یکے والی‘ نے سدھیر کو بام عروج پر پہنچا دیا۔ سدھیر نے 200 سے زائد فلموں میں اپنے وقت کی معروف ہیروئینوں کے مقابل مختلف کردار ادا کیے۔لالہ سدھیر 19 جنوری 1997ء میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے ۔