لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تین ٹی ٹو نٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ آج قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔کپتان بابر اعطم کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کے خلاف تیسرا میچ بھی جیت کر کلین سویپ کرنے کی کوشش کریں گے ، بنچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو بھی موقع دے سکتے ہیں۔ پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف اپنا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ ایک دن آرام کے بعد آج کھیلے گی۔ میچ قذافی سٹیڈیم میں دوپہر دو بجے شروع ہو گا۔اگرچہ قومی ٹیم دو صفر سے جیت چکی ہے تاہم آئی سی سی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لئے آج تیسرا میچ بھی جیتنا ہو گا ،ہارکے نتیجے میں آسٹریلیا نمبر ون پوزیشن پر آ جائیگی۔ زندہ دلان لاہورآج دونوں ٹیموں کو تیسرے میچ میں ٹکراتے دیکھیں گے ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ تیسرے میچ میں اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ قومی ٹیم کے کپتا ن بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ بنچ پربیٹھے کھلاڑیوں کو بھی پچ کے مطابق موقع دے سکتے ہیں تاہم ایساکرنے کے باوجود ٹارگٹ تیسرا میچ جیت کر کلین سویپ کرنا ہے جس کے لئے تمام کھلاڑی اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے تیار ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی آج میچ جیتنے کے لئے پر عزم دکھائی دیتے ہیں۔ ہیڈ کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ کھلاڑی تیسرے میچ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے جیت کے ساتھ واپس وطن لوٹیں گے ۔ بنگلہ دیش کے بیٹنگ کوچ نیل مکینزی نے کہا ہے کہ تمیم نے شاندار بیٹنگ کی لیکن سیریز میں مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن کی کمی محسوس ہوئی ہے ۔