اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمٰن ملک نے سیکرٹری جنرل اقوم متحدہ کو خط لکھ کر پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی اپیل کر دی۔ گزشتہ روزاپنے بیان میں رحمٰن ملک نے کہاکہ کرونا وائرس کیوجہ سے پاکستان اس وقت مالی مشکلات سے گزر رہا ہے ، پاکستان کانام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل ہونے سے مالی مشکلات کئی گنا بڑھی ہیں۔ پاکستان کو طبی سامان و دیگر متعلقہ مواد کی درآمد میں رکاوٹوں کا سامنا ہے ، پاکستان نے پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی ہدایات کی تعمیل میں متعدد اقدامات کئے ہیں جن کو ممبر ممالک نے تسلیم کیا، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے میں ایف اے ٹی ایف کے صدر کے نام خط لکھ چکا ہوں۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ آپ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے کی سفارش کریں، انسانی حقوق کی بنیادوں پر آپ براہ کرم ان مشکل لمحات میں پاکستان کی مدد کرے ۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ میرے ملک کو ایف اے ٹی ایف کی جانب سے امتیازی سلوک کا سامنا ہے ۔سینیٹر رحمٰن ملک نے منیر اکرم کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کیلئے جنرل سیکرٹری یواین سے سفارش کرانے کا مشورہ دیا۔سینیٹر رحمٰن ملک نے صدر ایف اے ٹی ایف سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے ۔