لاہور؍اسلام آباد؍ نیویارک (رپورٹنگ ٹیم؍ نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا سے ایک روز میں ریکارڈ 136 افراد لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2975 ہوگئی جبکہ 5839 نئے کیسز کے ساتھ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار460 ہوگئی۔اب تک پنجاب میں 58239، سندھ میں 57868، خیبرپختونخوا میں 19107، بلوچستان میں 8437 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔58 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ روز 68 افراد لقمہ اجل بنے ، میو ہسپتال لاہور میں 5 مریض دم توڑ گئے ، صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران 2300 سے زائد نئے کیس سامنے آئے ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما قیصر امین بٹ ،پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی بلال غفار بھی وائرس سے متاثر ہوگئے ۔نوابزادہ شاہ زین بگٹی ،لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل عمران صفدر کا ٹیسٹ منفی آگیا۔گوجرانوالہ میں انتظامیہ نے 6 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون نافذ کر دیا۔سیالکوٹ کینٹ کے وارڈ نمبر6اور7، یونین کونسل فتح گڑھ کے علاقہ بی بی سی چوک اور رحمٰن پورہ اور یونین کونسل محمد پورہ کی گلیوں کو سیل کردیا گیا۔سرگودھا،شاہ پورسٹی ،سلانوالی ،ماڑی شہر اوردیگر مختلف مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا ۔فیصل آباد میں موبائل مارکیٹ کو سیل کردیا گیا۔سندھ میں ٹنڈوالہیار میں مکمل لاک ڈاؤن اور دیگر اضلاع میں46 علاقے ،7 وارڈ سیل کئے گئے ہیں۔ کراچی کے 3 اضلاع میں آج شام سے لاک ڈائون کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں کو بھی سیل کیا گیا۔اسلام آباد انتظامیہ نے مزید 6 سیکٹرز کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کراچی میں کورونا مریضوں کے لئے مختص ہسپتالوں کا دورہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ہسپتالوں کی ضروریات کا جائزہ لے کر ضروری سامان کی فراہمی کی خاطر کراچی آیا ہوں، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق سندھ کو درکار تمام سامان مہیا کیا جا رہا ہے ، 70آئی سی یو وینٹی لیٹرز اپنے ساتھ لایا ہوں۔علاوہ ازیں این ڈی ایم ای نے ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف کے لئے حفاظتی سامان کی آٹھویں کھیپ کی ترسیل شروع کر دی ہے ۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ساڑھے 83 لاکھ، ہلاکتیں ساڑھے 4لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں۔گزشتہ روز برازیل اور بھارت میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں۔ہونڈوراس کے صدر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ۔سعودی عرب میں وائرس کا شکار 2 سالہ بچہ صحت یاب ہوگیا۔نیوزی لینڈ میں ملک کے سرحدی آپریشنز اور قرنطینہ مراکز کا کنٹرول فوج کے حوالے کر دیا گیا۔چین نے پورے بیجنگ میں نرم لاک ڈائون کردیا۔ 7 امریکی فضائی کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ مسافروں کو ماسک کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔