لاہور(خبرنگارخصوصی) ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی 7 بڑی تنظیموں نے لاہور پریس کلب کے باہربجٹ کے خلاف احتجاج کیا ،احتجاج میں شریک تاجروں اور صنعت کاروں نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں،مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کی، پاکستان نیٹ ویئر ایسوسی ایشن اینڈ سوئیٹر ایکسپورٹرز، پاکستان ہوزری مینو فیکچر ایسوسی ایشن، پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، کارپٹ مینوفیکچر اینڈ ایکسپوٹرز ،پاکستان کینوس ٹینٹ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن اوردیگر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ حکومتی بجٹ پاکستان تحریک انصاف کے منشور اورایکسپورٹ پالیسی کے خلاف ہے ،17فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ ایکسپورٹ انڈسٹریز کو بند ہونے پر مجبور کردے گا ،اس اقدام سے غیرملکی خریدار بھی پاکستان سے خریداری کے بجائے خطے میں دیگر ممالک کی رخ کریں گے جس کے ہماری معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے اگر حکومت نے ایکسپورٹرز کودرپیش معاملات اور مسائل کے حل پر توجہ نہ دی تو برآمدات بند کردیں گے ۔