پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 95 رنز سے ہرا کر پہلی مرتبہ وائٹ واش مکمل کرلیا ہے۔ ا فریقہ کی ٹیم نے 2003ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور پاکستان کو 1-0 سے ہرا کرسیریز اپنے نام کی تھی۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 1995ء سے 28 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں 15 میچ سائوتھ افریقہ جیتا جبکہ 7 میں پاکستان کو کامیابی ملی ۔ اسی طرح ون ڈے میچز میں بھی 79 میں سے 50 جنوبی افریقہ اور 28 میں پاکستان کامیاب ہوا اور ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ ٹی ٹونٹی میچز میں گو پاکستان کی کارکردگی قدرے بہتر رہی اور 14 ٹی 20 میچز میں پاکستان نے 6 اور جنوبی افریقہ نے 8 میچ جیتے۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو پاکستان کا ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرنا باعث فخر اور خوش آئند ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستانی ٹیم نے بہتر کھیلا اور فتح یاب رہی۔ اس سے مفر نہیں کہ اگر پاکستانی کرکٹ میں مداخلت ختم ہو اور پسند ناپسند کے بجائے میرٹ پر کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت منوانے کا موقع ملے تو پاکستانی ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کا بہترین مقابلہ کرسکتی ہے۔ بہتر ہوگا پی سی بی اور کھلاڑی اس جیت کے بعد احساس تفاخر میں مبتلا ہونے کے بجائے میرٹ اور محنت کو ترجیح دیں تاکہ کرکٹ میں فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھ کر پاکستان کا نام دنیائے کرکٹ میں روشن کیا جا سکے۔