فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو فٹ بال ہائوس سے نکال باہر کرنے کی پاداش میں پاکستان کی عالمی فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن بدعنوانی اور تنازعات کی وجہ سے ہمیشہ جگ ہنسائی کی وجہ بنی رہی ہے۔ فیفا پاکستان میں فٹ بال کے فروغ اور کھلاڑیوں کی تربیت اور بہبود کے لئے ہر سال لگ بھگ 12لاکھ ڈالر امداد فراہم کرتی ہے مگر بدقسمتی سے فیڈریشن میں کرپشن کی وجہ سے نہ صرف امداد کھیل کے فروغ کے استعمال نہیںہوتی بلکہ باہمی تنازعات کا باعث بنتی ہے۔ 2015ء میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات متنازع ہوئے تو فیفاکو باہمی تنازعات کی وجہ سے 2017ء میں پاکستان کی رکنیت معطل کرنا پڑی جو مارچ 2018ء میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے قیام کے بعد بحال ہو ئی۔ فیفانے کمیٹی کو جون 2021ء تک حالات کو نارمل کر کے انتخابات کروانے کا وقت دیا تھا مگر بدقسمتی سے ایک دھڑے نے فیڈریشن کی عمارت پر حملہ کر کے نارملائزیشن کمیٹی کو عالمی فنڈنگ سے تعمیر کی گئی عمارت سے ہی نکال باہر کیا جس کے بعد ایک بار پھرپاکستان کی رکنیت معطل کر دی گئی ۔ عالمی فنڈنگ کی بندش سے ملک میں فٹ بال کے نئے سٹیڈیم بنانے کا کام ملتوی ہوا بلکہ ضرورت مند کھلاڑیوں کی امداد بھی بند ہو گئی۔ بہتر ہو گا حکومت فیڈریشن کے معاملات کو حل کرنے پر توجہ دے تاکہ فیڈریشن میں لوٹ مار کے خاتمے کے بعد عالمی تنظیم کی رکنیت بحال اور کھیل کا فروغ ممکن ہو ۔