کراچی(این این آئی)موٹر سائیکل پر تنہا پاکستان کا سفر کرنے والی کینیڈین خاتون سیاح روزی گیبریل نے اسلامی تعلیمات اور پاکستانی ثقافت سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا، محض ایک سال قبل روزی گیبریل ایک موٹر سائیکل کے ساتھ پاکستانی کلچر اورخوبصورتی کے بارے میں جاننے کے لئے آئیں اور تنہا موٹر سائیکل پر پاکستان کو دریافت کرنے نکل پڑیں، انہوں نے لاہور، سوات، ملتان اور گوادر سمیت متعدد مقامات کا دورہ کیا اور پاکستان کی خوبصورتی کو پہچانا اور اسے دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچایا۔روزی جہاں بھی جاتیں یوٹیوب پراپنے وی لاگز سے پاکستان کی خوبصورتی کے بارے میں لوگوں کو بتاتیں یوٹیوب پر پاکستان سے متعلق ان کی ویڈیوز کو بہت شہرت ملی۔روزی پاکستانی ثقافت اور اسلامی تعلیمات سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ دائرہ اسلام میں داخل ہوگئیں۔ روزی نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ اپنے ہاتھوں میں قرآن پاک کو تھامے ہوئے چہرے پر پاکیزہ مسکراہٹ سجائے ہوئے ہیں ایک اور تصویر میں انہوں نے سر پر حجاب بھی باندھا ہوا ہے ۔ روزی نے کہا گزشتہ سال میرے لیے کافی مشکل تھا۔ بدقسمتی سے اسلام وہ مذہب ہے جس کی دنیا بھر میں غلط تشریح کی جاتی ہے اور سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔