پاکستان سمیت دُنیا بھر میں آج آبادی کا عالمی دِن منایا جا رہا ہے ۔دُنیا کی آبادی تیز رفتاری کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ ایسے ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے جہاں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کامسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔اس وقت پاکستان آبادی کے لحاظ سے دُنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے جس کی آبادی ایک محتاط اندازہ کے مطابق بائیس کروڑ ہے۔پاکستان کی آبادی میں سالانہ چالیس لاکھ نفوس کا اضافہ ہوتاہے۔اگر آبادی بڑھنے کی یہی رفتار رہی تو 2050ء تک پاکستان 35 کروڑ کی آبادی کے ساتھ دُنیا کا پانچواں بڑا ملک بن جائے گا۔ پاکستان میں آبادی میں اضافہ کی شرح دو فیصد ہے جو بھارت،سری لنکا، ملائشیا اور بنگلہ دیش سے بھی زیادہ ہے۔کثرت آبادی کی وجہ سے اِس وقت ملک میں 44فیصد بچے خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔ آبادی کا پانچواں حصہ خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے جبکہ تعلیمی سہولیات کے فقدان کے باعث 46فیصد سے زائد بالغ آبادی نا خواندہ ہے۔ (عابد ہاشمی ،کشمیر)