لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان ہارٹی ایکسپو 2020 زرعی برآمدات میں اضافہ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہو گی یہ بات وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں دو روزہ جاری زرعی نمائش " پاکستان ہارٹی ایکسپو 2020 "کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ نمائش میں ایونی سودھائی امری سفیر برائے انڈونیشیا،سردار تنویر الیاس چیئرمین پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ،نوید بھنڈر چیئرمین پامرا،وقار حسین اسپشل سیکرٹری زراعت(مارکیٹنگ)،محبوب عالم ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ایڈمن)،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب،شاہد قادر چیف ایڈوئزر میڈیا وزیر زراعت پنجاب سمیت محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران،کمپنیوں کے سی ای اوز، امپورٹرز، ایکسپورٹرز بھی شریک ہوئے ۔ اس نمائش کے لئے 100سے زائد سٹالز ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں لگائے گئے ہیں جس میں 60 کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں جبکہ 11مختلف ممالک سری لنکا، تاجکستان ، جرمنی، بحرین، قطر، دوبئی، سعودی عرب، یوکرائن، انڈونیشیا، پولینڈ اورمصرسے 36غیر ملکی وفود اور 3ہزار سے زائد ترقی پسند کاشتکاروں نے بھی اس نمائش میں خصوصی شرکت کی۔وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے اس موقع پرمزید کہا کہ موجودہ حکومت زراعت کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔