لاہور،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر،صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پاس کردہ باہمی معاونت کے بل پر ردعمل میں کہا ہے کہ یہ بل پاس کرانے میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ماضی کی طرح حکومت کے خاموش سہولت کار کا کردار ادا کیا،یہ بل پاکستان کو ہمیشہ کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی میں دینے کیلئے پاس کیا گیا، ہم بل کو مسترد کرتے ہیں، دوسری جانب پاکستان میں افغان سفیر شکراﷲ عاطف مشعل نے پارلیمنٹ لاجزاسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق سے ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال خاص طور پر افغانستان اور کشمیر کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں ،اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں ، کابل میں ہندوستان کا سازشی کرداردونوں برادر اسلامی ممالک کے کیلئے نقصان دہ ہے ،افغانستان بھارت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے ،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق،سیکرٹری جنرل امیر العظیم ودیگر نے سنیئر صحافی اطہر ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ،دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کورنگی کے کارکن رفیق تنولی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔