لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستانی خاتون کمپیوٹر سائنٹسٹ اسما ظہیر دنیا میں کمپیوٹر کی عالمی کمپنی آئی بی ایم کا اعلیٰ ترین ایوارڈ "بیسٹ آف آئی بی ایم 2019" حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔ آئی بی ایم نے اس ایوارڈ کیلئے پوری دنیا سے اپنے ایک ہزار کمپیوٹر ماہرین کو منتخب کیا جبکہ پاکستان سے یہ اعزاز اسما ظہیر کو ملا۔ انہیں یہ ایوارڈ بالی انڈونیشیا میں ایک شاندار تقریب میں دیا گیا جس میں آئی بی ایم نے پوری دنیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اپنے کمپیوٹر ماہرین کو مدعو کیا تھا، تقریب کی صدارت چیئرمین آئی بی ایم جینی رومیٹی نے کی۔دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان کو پہلی مرتبہ مقابلے میں شامل کیا گیا تھا اورپاکستان نے پہلے ہی سال یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اسما ظہیر پنجاب یونیورسٹی اور فاسٹ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر چکی ہیں، وہ 2013ء سے آئی بی ایم سے منسلک ہیں اور اس وقت سینئرکنسلٹنٹ آئی بی ایم پاکستان کے عہدے پر کام کر رہی ہیں۔