واشنگٹن( بیورو رپورٹ ) پاکستانی امریکن صائمہ محسن کو ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں فیڈرل پراسیکیوٹر مقرر کردیا گیا، وہ ریاست اور امریکہ کی پہلی مسلم خاتون امریکن ہیں جو اگلے ماہ یہ منصب سنبھالیں گی، 52 برس کی صائمہ محسن قائم مقام یوایس اٹارنی برائے ایسٹرن ڈسٹرکٹ کا منصب 2 فروری کو سنبھالیں گی، وہ ڈسٹرکٹ کے موجودہ اٹارنی میتھیو شنائڈر کی جگہ لیں گی۔صائمہ محسن پاکستان میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ 2002 سے اٹارنی آفس میں کام کررہی ہیں۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق صدر بائیڈن نے ایسی کابینہ ترتیب دی ہی جس میں مختلف رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں ،ایسا امریکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا ان میں بہت سے قابل قدر خدمات دینے والوں کا تعلق جنوبی ایشیا سے ہے ، سلمان احمد جنہوں نے وائٹ ہاؤس ، امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور اقوام متحدہ کیلئے گزشتہ 25 سالوں سے اہم امور کو انجام دیا ہے اب وہ صدر جو بائیڈن کی خارجہ پالیسی کی ٹیم میں سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر پالیسی پلاننگ کام کریں گے ۔