کوئٹہ (سٹاف رپورٹر،این این آئی) گورنر بلوچستان جسٹس (ریٹائرڈ) امان اﷲ خان یاسین زئی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستانی میڈیا نے بھارتی پراپیگنڈے کامثبت اندازمیں بھرپور مقابلہ کیا ۔گزشتہ روزچیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے کوئٹہ میں گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کیں،اس موقع پردونوں رہنمائوں نے مزیدکہاکہ درست معلومات عوام تک پہنچانے سے پاکستانی میڈیا کی ساکھ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے پاکستان میں میڈیا انڈسٹری کوبہتربنانے اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستان کی آواز کو پھیلانے کیلئے پیمرا کے کردار کی تعریف کی۔ ملاقاتوں میں چیئرمین پیمرا نے الیکٹرانک میڈیا کی صنعت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اورمیڈیا انڈسٹری کے مسائل کے حل میں مدد پر اظہارتشکر کیا اور صوبے میں پیمرا قوانین کے نفاذکیلئے بلوچستان حکومت کے تعمیری کردار کو سراہا۔ چیئرمین پیمرا نے غیر قانونی بھارتی چینلز ، ڈی ٹی ایچ اورانڈین مواد کیخلاف جاری مہم کے بارے میں آگا ہ کیا اور بتایا کہ گزشتہ چندہفتوں میں ملک کے مختلف شہروں میں جاری کریک ڈاؤن اور چھاپوں کے دوران سینکڑوں کیبل آپریٹروں کا غیر قانونی انڈین چینلز کی نشریات میں استعمال ہونیوالے آلات کو قبضے میں لیکر تلف کیاگیا ۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے تعاون سے غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ، سی لائن اور جادو باکس کی خریدو فروخت اور انڈین چینلزکیخلاف مہم کو مزید موثر بنایا جائیگا تاکہ اس غیر قانونی کاروبارکو مکمل ختم کیا جا سکے جو کہ ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کیلئے تباہ کن ہیں۔اس موقع پرایگزیکٹوممبر پیمرااشفاق جمانی، ڈائریکٹر جنرل(آپریشنز) محمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل( ایڈمن) حاجی آدم، جنرل منیجر (آپریشنز،میڈیاو تعلقات عامہ) محمد طاہر و دیگر پیمرا افسر بھی کیساتھ تھے ۔ علاوہ ازیں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین سلیم بیگ نے پیمرا ریجنل آفس کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں ریجنل انچارج کامران زیب نے بھارتی مواد اور ڈی ٹی ایچ کے خاتمے کیلئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین پیمر ا سے کیبل ٹی وی آپریٹرز کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے کیبل ٹی وی آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر بھارتی مواد نشر نہ کرنے کو یقینی بنائیں ،اگر کوئی کیبل آپریٹر بھارتی مواد نشر کریگا تو اس کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی ۔چیئرمین پیمرا نے کیبل ٹی وی آپریٹرز ،ایف ایم ریڈیو اور ٹی وی چینلز کے دفاتر مستونگ ،پشین ،ژوب ،لورالائی ،سبی ،حب کا بھی دورہ کیاانہوں نے واضح کیاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بھارتی چینلز اور مواد نشر کرنا جرم ہے اور ایسا کرنیوالوں کیخلاف قانون متحرک ہوگا۔کیبل ٹی وی آپریٹرز نے اس ضمن میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔