اسلام آباد/کراچی (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی فضاؤں میں 2مسافر طیارے ٹکرانے سے بال بال بچ گئے ۔ ڈیوٹی پرموجود ائیر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ائیرٹریفک کنٹرولر کی مبینہ غفلت کے باعث پی آئی اے اور غیرملکی ائیرلائن کے طیارے آمنے سامنے آگئے تاہم پائلٹس نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں طیاروں کو حادثہ سے بچالیا۔ پی آئی اے کی پرواز اسلا م آباد سے کرا چی جاتے ہوئے لینڈنگ کیلئے نیچے آرہی تھی جبکہ ایمریٹس ائیر لائن کی پرواز دہلی ریجن سے ہوتی ہوئی نواب شاہ سے گزر رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کاطیارہ 35 ہزار ،غیرملکی طیارہ 40 ہزارفٹ بلندی پر اور فاصلہ 5 میل سے بھی کم تھا۔ پی آئی اے کپتان اپنے طیارے کو تیزی سے نیچے لے گیا۔ دوسرا کپتان اپنے طیارے کو تیزی سے مزید4ہزار فٹ بلندی پر لے گیا، سول ایوی ایشن نے واقعہ کا نوٹس لیکر ڈیوٹی پرموجود ائیر ٹریفک کنٹرولر کو معطل کر دیا۔ تینوں اے ٹی سی کو بھی ڈیوٹی سے ہٹا کر تحقیقات شروع کر دی ہے ۔