ڈبلن(فیصل مرزا)دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں نے ضرورت مندوں کی مددکرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے آئرلینڈ کے شہر ویکس فورڈ میں ہسپتال کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔ہسپتال 72 بیڈ پرمشتمل ہو گا جس سے ویکس فورڈ اور گردونواح کے علاقوں کے عوام کی ہیلتھ کئیر کی ضروریات پوری ہونگی،اس وقت اس علاقے کے لوگ ہسپتال نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کاشکارہیں۔تقریب کے شرکا کو اس پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ہیڈ ڈاکٹر سہیل خان نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے لئے زمین حاصل کر لی گئی اور وہ پلاننگ پرمیشن کی جانب سے سرٹیفکیٹ کے منتظر ہیں اور اس کے بعد اس کی تعمیر کا عمل شروع ہو جائے گا۔ایک اندازے کے مطابق اس ہسپتال کی تعمیر پر تقریباً دو سے تین سال کا وقت درکار ہو گا۔تقریب میں لوکل بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکا نے اس نیک مقصد پر پاکستانی ڈاکٹر کی کاوشوں کو خوب سراہا۔مقامی افراد دارالحکومت ڈبلن یا دوسرے بڑے شہروں کی طرف علاج کرانے کے لئے جاتے ہیں لیکن اس ہسپتال کے بن جانے سے کافی حد تک ان کا یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔