واشنگٹن،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) امریکہ نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پرفوری پابندی عائد کردی ہے ۔امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کیلئے جاری خصوصی اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے ۔ پی آئی اے پروازوں کی سیفٹی پرتشویش کے باعث پابندی لگائی گئی ہے ۔پابندی کی وجہ پاکستانی پائلٹس کے لائسنس مشکوک قراردیاجاناہے ۔پی آئی اے امریکہ کیلئے اپنی پروازیں نہیں چلاسکے گی۔پی آئی اے کی ہرقسم کی پروازپرپابندی لگادی ۔قبل ازیں یورپی ممالک نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی لگادی تھی۔دوسری جانب ترجمان پی آئی اے نے امریکہ کی جانب سے اپنی پروازوں پر پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے ای میل بھیجی ہے ۔تاہم امریکہ کے خدشات کو دور کریں گے ، امید ہے پی آئی اے میں جاری اصلاحاتی عمل کے ذریعے پائلٹس والا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا۔