لاہور(جوادآراعوان)نئی دہلی میں تعینات پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کے لئے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کو ٹاسک سونپا گیا ہے ،بھارتی ایجنسیاں سفارتی عملے کو ہراساں کر کے پاکستان کے خلاف بیانات لے کر پروپیگنڈہ کرنے کی کوشش کریں گی۔ ٹاپ آفیشلز نے روزنامہ 92نیوز کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر بتایا کہ بھارتی اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان کے خلاف ایک نئی مہم شروع کرتے ہوئے نئی دہلی میں تعینات سفارتی عملے کو ہراساں کر کے پاکستان کے خلاف بیانات لے کر پروپیگنڈہ کرنے کی پلاننگ کر رکھی ہے اور اس کے لئے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس اور انٹیلی جنس بیورو کو ٹاسک سونپا گیا ہے ،پاکستان کے خلاف نئی کاروائی کے لئے بنیادی کردار ملٹری انٹیلی جنس کو دیا گیا ہے ،بھارتی سکیورٹی حلقوں میں ٹیکٹیکل سپورٹ ڈویژن(ٹی ایس ڈی) کے نام سے جانا جانے والا ملٹری انٹیلی جنس کا سپیشل ونگ ان کاروائیوں کو لیڈ کر رہا ہے ،ٹی ایس ڈی کو پاکستان مخالف کاروائیوں اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے کے لئے بنایا گیا تھا،ٹی ایس ڈی نے لیفٹیننٹ کرنل رینک کے افسر کو پاکستانی سفارتی عملے کو ہراساں کرنے کا ٹاسک دیا جس کے نیچے پوری فیلڈ سرویلنس ٹیم کام کر رہی ہے ،انکا کا کام پاکستانی سفارتخانے سے باہر نکلنے والے عملے کی سرویلنس کرتے ہوئے انہیں کسی علاقے سے اغواء کر کے کچھ وقت کے لئے غائب کر کے جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کر پاکستان مخالف بیانات لینا ہے جسے وہ پروپیگنڈے کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کریں گے ،ٹی ایس ڈی پاکستانی سفارتخانے میں لوئر لیول پر کام کرنے والے عملے کو ٹارگٹ کرے گی تا کہ فوری کوئی بڑا سفارتی ہنگامہ نہ کھڑا ہو ،بھارتی انٹیلی جنس بیورو ملٹری انٹیلی جنس کے ٹی ایس ڈی ونگ کی معاونت کر رہی ہے ،ان دونوں بھارتی ایجنسیوں نے پاکستانی سفارتخانے کے قریب واچ اینڈ سرویلنس پوسٹس بنا لی ہیں۔