اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ میرا مکمل ایمان ہے کہ پاکستانی ایک عظیم قوم بننے کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حضرت موسیٰؑ کی قوم کی طرح ہم بھی بہت آزمائشوں سے گزر چکے ہیں ۔ بس اپنی محنت جاری اور اللہ پر بھروسہ رکھیں ۔ایوان صدرمیں ملاقات کرنے والے چیئرمین ہلال احمر سوسائٹی ابرار الحق سے گفتگوکرتے ہوئے صدرنے کہاکہ ہلال احمر کورونا سے متاثرہ افراد کو طبی امداد پہنچانے کیلئے دائرہ کار بڑھائے جبکہ وزارت صحت اور این ڈی ایم اے سے رابطے موثر بنائے ۔ انہو ں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو خوراک اور طبی امداد پہنچانے کیلئے ہلال احمر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ ابرار الحق نے کہا کہ ہلال احمر خوراک کے علاوہ ڈاکٹرز کیلئے حفاظتی سامان کی ترسیل بھی کر چکی ہے ۔ دریں اثنا نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے سربراہ نے ایوان صدر میں عارف علوی کو 6 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا ،یہ امدادی رقم ہلال احمر سوسائٹی کے کورونا کے پیش نظر امدادی اقدامات کیلئے استعمال کی جائے گی۔ صدر نے کہا کہ معاشرے کے خوشحال طبقات غربا کی امداد کیلئے حکومتی کاوشوں میں حصہ لیں ۔ شہدائے کارگل کے 21 ویں یوم شہادت پر صدر علوی نے ان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اپنے پیغام میں صدر نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور لالک جان شہید نشان حیدر سمیت تمام شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہو ئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔