لاہور(کلچرل رپورٹر)دلچسپ کہانی اور جدید ایفییکیٹس سے مزین سپر ہیرو فلم ’’ پراجیکٹ غازی ‘‘ کی پوسٹ پروڈکشن کا کام مکمل ، فلم 29مارچ کو سنیماؤں کی زینت بنے گی۔ پروڈکشن ٹیم نے سٹار کاسٹ میں شامل تینوں فنکاروں شہریار منور، ہمایوں سعید اور سائرہ شہروز کے گیٹ اپ کے نئی تصاویر جاری کردیں۔ فلم ڈسٹری بیوشن کلب کے زیر اہتمام لاہور، کراچی اورا سلام آباد سمیت سرکٹ کے تمام شہروں میں بیک وقت نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ڈائریکٹر نادر شاہ کی زیر ہدایت بنی فلم کی کہانی محب وطن ، دلیر اور ایسے جانثار فوجیوں کی کہانی کا احاطہ کرتی ہے جو اپنے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطرکسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ۔ فلم میں ولن ’’قطان ‘‘کے کردارپر بطور خاص توجہ دی گئی ہے جبکہ جدید سائنس ایفیکیٹس مزین سائنس فکشن کہانی میں شائقین کی تفریح کے ہر پہلو کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔ فلم کی ہیروئن سائرہ شہروز نے ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ ’’ پراجیکٹ غازی ‘‘ انکے کیرئیر کی منفرد فلم ثابت ہوگی جس میں انہوں نے ایک سائنسدان کا کردار ادا کیا ہے جبکہ ہمایوں سعید نے سالارصلاح الدین اور شہریار منور نے میجرزین کے کردار ادا کئے ہیں۔