ٹیکساس سٹی(این این آئی) امریکی ریاست ٹیکساس میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے جیل میں ملاقات کے بعد ان کی موت کے حوالے سے افواہیں دم توڑ گئیں۔ عائشہ فاروقی اور عافیہ صدیقی کی ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی جو گزشتہ 14 ماہ میں ہونے والی چوتھی ملاقات ہے ۔اس موقع پر قونصل جنرل عائشہ فاروقی کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر عافیہ سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی موت سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں۔عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بہن کی زندگی اور صحت سے متعلق کسی خبر کی تصدیق نہیں کرسکتیں کیونکہ انہیں حکومت پاکستان، وزارت خارجہ اور امریکی جیل حکام نے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔