لاہور (سپورٹس رپورٹر )کورونا وائرس کے باعث موجودہ حالات سے متاثرہونے والے مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ اسٹاف کے گھروں میں راشن بیگز اور ادویات پہنچانے کی مہم میں کھیلوں کی دنیا کے عظیم کھلاڑی بھی شامل ہوگئے اسکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے برٹش اوپن کے فائنل میں استعمال ہونے والا اپنا دستخط شدہ ریکٹ، اولمپئین اصلاح الدین صدیقی نے 1978 میں ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کیلئے فیصلہ کن گول کرنے والی اپنی ہاکی اسٹک اور پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان سرفراز احمد نے 2017 چیمپئینز ٹرافی میں استعمال ہونے والے اپنے بیٹ کو مہم میں نیلامی کیلئے پیش کردیا کراچی اسپورٹس فورم کے چیف آرگنائزر سید وسیم ہاشمی کے مطابق ماضی اور موجودہ کھلاڑیوں کے استعمال میں آنے والی اشیاء کو نیلام کر کے حاصل ہونے والی آمدنی سے مزیدراشن بیگز کا انتظام کر کے مستحق کھلاڑیوں اور گراؤنڈ سٹاف میں تقسیم کریں گے ۔