لاہور(جوادآراعوان)ملک کے پریمیئر انٹیلی جنس ادارے نے بھارت کی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘کی جانب سے وٹس ایپ کی ویڈیو ایپلی کیشن کے ذریعے پاکستان میں ٹارگٹ ڈیٹا چوری کرنے کا آپریشن ناکام بنا دیا اوراس کیلئے استعمال کئے جانیوالے دو لنکس کو غیر موثرکر دیا۔ٹاپ سکیورٹی آفیشلز نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ انٹیلی جنس ادارے نے بھارت کی خفیہ ایجنسی راکی جانب سے لانچ کیا جانیوالا ایک بڑا سائبر آپریشن غیر موثر بنا دیا،بھارتی ایکسٹرنل سیکرٹ سروس را کے سائبر آپریشن کو غیر موثر بنانے کیلئے ملک کے پریمیئر انٹیلی جنس ادارے کو پاک فوج کے ایک اور ٹاپ انٹیلی جنس ادارے کی معاونت بھی حاصل تھی جس نے سائبر وارفیئر میں دشمن کیخلاف پچھلے کچھ عرصے میں کامیاب آپریشن کئے ۔ بھارتی ایجنسی کے سائبر آپریشنز ونگ نے ممبئی سے دو لنکس رجسٹرڈ کرائے جنکے نام’’Whatapp۔videocalls۔co‘‘اور’’Whatsapp۔com۔oyc۔videocallactive۔co ‘‘تھے جبکہ دونوں لنکس کا آپریشن بیس امریکہ تھا ،انکے آئی پی ایڈریس ’’ 193.124.189.79‘‘اور ’’185.87.50.216‘‘تھے ۔ بھارتی ایجنسی را کے سائبر آپریشنز ونگ کے بنائے ان لنکس کا استعمال کرتے ہوئے وٹس ایپ ویڈیو ایپلی کیشن کیلئے ٹارگٹ موبائل فون پر ای میل ،وٹس ایپ اور ایس ایم ایس میسج بھیجا جاتا ہے اور اس میسج کو اوپن کرتے ہی سپائے مالویئر فون کے ڈیٹے تک رسائی حاصل کر لیتا ہے اور اسے چوری کر لیا جاتا ۔ ممبئی جوبھارتی ایجنسی را کے سائبر آپریشنز کا بڑا بیس ہے سے کچھ عرصے سے گرے ٹریفک میں تیزی آئی تھی جبکہ اس نوعیت کی سائبر ٹریفک امریکہ اور دیگر مغربی ممالک سے روٹ ہوتی ہوئی پاکستان میں لینڈ کر رہی تھی۔ملک کے پریمیر انٹیلی جنس ادارے نے اپنی ساتھی ٹاپ عسکری انٹیلی ایجنسی کی معاونت سے سائبر ہائی وے پر اس ٹریفک پر چیک لگایااور ممبئی سے رجسٹرڈ دو لنکس کو ’’پازیٹو گرے ‘‘ کیٹیگری میں ڈالتے ہوئے فوکس کیا جس سے وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ دونوں لنکس را کے سائبر آپریشنز ونگ کے ہیں اور پاکستان میں ٹارگٹ ڈیٹا چوری کرنے کیلئے لانچ کئے گئے ہیں جسکے بعد انکو کامیابی سے غیر موثر کر دیا گیا۔