بھارت نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 ء کے اہم میچ میں پاکستان کو لوئس میتھڈ کے تحت 89رنز سے شکست دے دی۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے مگر پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلوں کے مقابلے جنگ سے کم نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ ورلڈ کپ میں دنیا بھر میں پاکستان اور بھارت کے دوران مقابلے سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔ 2015 ء کے ورلڈ کپ میں ٹی وی پر 288 ملین لوگوں نے میچ دیکھا تھا۔ ابھی تک تو مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے۔ پاکستان بھارت سے 73 ون ڈے میچ جیت چکا ہے جبکہ 56 میچز میں بھارت پاکستان کو مات دینے میں کامیاب رہا۔ اسی طرح ٹیسٹ میچوں میں پاکستان نے 12 اور بھارت نے 9میچ جیتے ہیں۔ مگر حالیہ شکست اس لیے پاکستانیوں کی دل آزاری کا باعث بنی کیونکہ ورلڈ کپ مقابلوں میں یہ پاکستان کی بھارت سے 7 ویں مسلسل شکست ہے ۔ اطلاعات کے مطابق بھارت ایسے اہم ملک سے مقابلے سے پہلے پاکستانی ٹیم کا پریکٹس کے بجائے دیگر سرگرمیوں میں مشغول رہنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میچ کے دوران پاکستانی کپتان جمائیاں لیتے رہے۔جبکہ شکست کی دوسری بڑی وجہ پاکستانی ٹیم کا ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دینا بنی۔ بہتر ہو گا وزیراعظم ٹیم کی شرمناک شکست کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پی سی بی سے جواب طلب کریں تاکہ ٹیم میں نظم و ضبط قائم کرکے بھارت سے مقابلوںمیں ماضی کی روایات کو برقرار رکھا جا سکے۔